کراچی: (دنیا نیوز) گوادر کے ہوٹل میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے نیوی اہلکار، سیکیورٹی گارڈ بلاول اور ظہور کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
پاک بحریہ کے شہید جوان کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور شہید کے عزیز و اقارب شریک ہوئے۔ گورنر سندھ نے حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت بھی کی۔ گورنر سندھ نے کہا ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے جن کی شب و روز محنت کی بدولت ملک میں امن و امان قائم ہے۔
عمران اسماعیل نے کہا دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، یہ انسان کہلانے کے بھی حقدار نہیں، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔
دوسری طرف ضلع بدین سے تعلق رکھنے والے 2 سیکیورٹی گارڈز شہید بلاول اور ظہور احمد لاشاری کی نماز جنازہ بھی ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں ایس ایس پی بدین، پولیس افسران کے علاوہ شہدا کے عزیز و اقارب اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔