کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے ٹیکس ایمنسٹی سکیم پر رد عمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ عمران خان بتائیں کہ کن چوروں اور ڈاکووں کو عام معافی دے رہے ہیں۔ ملک پر عالمی ساہوکار کی حکومت قائم ہو چکی ہے، عمران خان آئی ایم ایف اور اپنے مالی سہولت کاروں کی خوشنودی میں لگے ہیں۔ عمران خان کی حکومت ختم ہو چکی کارکردگی انتقامی کارروائیوں تک محدود ہے.
سیکرٹری اطلاعات مولابخش چانڈیوکا کہناتھا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر ہر چیز مہنگی کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالے جا رہے ہیں، عمران خان کے مالی سہولت کاروں کو نوازنے کیلئے ایمنسٹی سکیم دی جا رہی ہے۔ خان صاحب کے بقول ایمنسٹی تو چوروں اورڈاکوئوں کو دی جاتی ہے،اب وہ ایوان میں آکر بتائیں کہ کون سے چوروں اور ڈاکووں کو عام معافی دی جا رہی ہے۔
مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ملک سے عمران خان کی حکومت ختم ہو چکی ہے، ان کی حکومت کی کارکردگی انتقامی کارروائیوں اور مہنگائی تک محدود ہے۔ عمران خان جس طرح مہنگائی کر رہے ہیں جلد لوگ انہیں کرسی سے بھی اٹھا دیں گے۔ اس حکومت نے مہنگائی کی صورت میں جو تباہی کی ہے لوگ اسے خود نکال باہر پھینکیں گے۔