پیپلزپارٹی نے پارلیمان سے منظوری کے بغیر آئی ایم ایف سے ڈیل مسترد کر دی

Last Updated On 13 May,2019 01:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی نے پارلیمان سے منظوری کے بغیر آئی ایم ایف سے ڈیل مسترد کر دی۔ ن لیگ نے کہا عمران خان کی نالائقی سامنےآ گئی صرف 6 ارب ڈالر میں ملک آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا بجٹ کے موقع پر اپوزیشن حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مشترکہ طور پر رد عمل دے گی، عوام کو آئی ایم ایف کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، مذموم ایجنڈے کے تحت مسلط کی جانے والی حکومت کے باعث سی پیک کو محدود کیا جا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل میں کہا عمران صاحب آپ کی نااہلی اور نالائقی نے ملک کو صرف 6 ارب ڈالر کے عوض آئی آیم ایف کے پاس گروی رکھ دیا، آئی ایم ایف کی نئی شرائط کے تحت ملک میں مہنگائی، غربت میں اضافہ اور بے روزگاری کا خوفناک طوفان اٹھے گا۔

پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا عوام کو اندھیرے میں رکھ کر آئی ایم ایف سے ڈیل کر لی گئی۔ انہوں نے کہا قرضہ لینے پر خودکشی کو ترجیح دینے والوں کیلئے آئی ایم ایف سے ڈیل شرمناک ہے، تبدیلی کا سونامی لانے والے مہنگائی کا سونامی لاچکے ہیں، کمزور اور نااہل حکومت نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے۔