اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ قرض پروگرام سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 3 سال میں 6 ارب ڈالرز قرض دے گا، آئندہ بجٹ میں مالیاتی خسارے میں 0.6 فیصد کمی کرنا ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق معاہدے پر عمل درآمد آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی توثیق کے بعد ہوگا، حکومت معاشی اہداف کے لیے ٹیکس وصولیاں بڑھائے گی، حکومت ٹیکس مراعات ختم کرے گی۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹیکس اصلاحات کے ذریعے ٹیکس نظام کو بہتر بنایا جائے گا، پاکستان کو اخراجات میں کمی کرنا ہوگی، پاکستان اہم ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رکھے، ڈالر کا ایکس چینج ریٹ مارکیٹ کے طے کرنے سے مالی شعبے میں بہتری آئے گی، مارکیٹ کا تعین کردہ ایکسچینج ریٹ طریقہ کار اپنایا جائے گا، حکومت نے سٹیٹ بینک کی خود مختاری قائم رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
اعلامیے کے مطابق حکومت غریبوں کی مدد کرے گی، حکومت بے نظیر انکم سپورٹ میں اضافہ کرسکتی ہے، سبسڈی کو صرف غریبوں تک محدود کرنا ہو گا، ملک میں معاشی ترقی کے لیے اصلاحاتی پروگرام پر اتفاق کیا گیا ہے، صوبوں کے ساتھ مل کر قومی مالیاتی کمیشن اجلاس میں محاصل کی تقسیم نو پر غور کیا جائے گا۔