لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے اور آف شور کمپنیاں بنانے کے الزامات پر گرفتار پی ٹی آئی کے رہنما علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 27 مئی تک توسیع کر دی۔
احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔ جیل حکام نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے سابق صوبائی وزیر بلدیات علیم خان کو پیش کیا، دوران سماعت عدالت نے نیب کے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ریفرنس کب فائل کیا جائے گا جس پر پراسیکوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت کا آگاہ کیا کہ آف شور کمپنیوں کے حوالے سے متحدہ عرب امارات اور یوکے کو خطوط لکھے ہیں جواب آنے پر ریفرنس دائر کر دیں گے۔
احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اگر 25 سال تک خط کا جواب نہیں آئے گا تو کیا انتظار کرتے رہیں گے۔ عدالت نے نیب کو جلد حتمی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 27 مئی تک توسیع کر دی۔ علیم خان کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور جوڈیشیل کمپلیکس کے اطراف آنے والے راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر بند کیا گیا۔