اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 30 اپریل تک توسیع کر دی۔ عدالت نے نیب کے تفتیشی کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
علیم خان کو جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد ختم ہونے پر احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے علیم خان کیخلاف غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں ریفرنس دائر نہ کرنے پر ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید توسیع کر دی۔ احتساب عدالت کے جج نے نیب کے تفتیشی کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر تفتیش کی جامع رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔
پی ٹی آئی رہنما کی احتساب میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے اور احتساب عدالت کو جانے والے راستے کنٹینر اور بیئر لگا کر بند کئے گئے۔ دوسری جانب علیم خان کو سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں سیشن جج لاہور خالد نواز نے علیم خان کیخلاف الیکشن کمیشن کے استغاثہ پر سماعت کی۔
علیم خان کے وکیل اظہر صدیق نے دعویٰ کیا کہ الیکشن کمیشن نے حقائق کے برعکس استغاثہ دائر کیا اور سردار ایاز صادق کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے کارروائی کی۔ وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ قانون کے مطابق الیکشن کمیشن یہ استغاثہ دائر نہیں کرسکتا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے استغاثہ پر کارروائی 3 مئی تک ملتوی کر دی۔
وکیل اظہر صدیق نے الیکشن کمیشن کے استغاثہ کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔ ادھر علیم خان کی درخواست ضمانت پر کارروائی 23 اپریل کو ہوگی۔