لاہور: (دنیا نیوز) خورشید شاہ کا کہنا ہے فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے پر من وعن عملدرآمد ہو، معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے، عبدالعلیم خان کی گرفتاری دکھاوا ہے حقیقت نہیں، این آر او مانگنے والے کا نام بتایا جائے۔
پیپلزپارٹی کے سینیر رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس جس پر علیم خان نے خرچہ کیا اس تک تحقیقات کا دائرہ بڑھنا چاہئے، علیم خان کے ساتھ اور نام بھی جڑے ہیں، یہ گرفتاری دکھاوے کیلئے کر رہے ہیں کم سے کم تحقیقات تو کریں۔ انہوں نے کہا علیم خان کی گرفتاری لگتا ہے جلد بازی میں کی گئی، تفتیش پوری نہ ہونے سے عدالت سے ریلیف مل جائے گا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا شہباز شریف سے استعفی مانگا جا رہا ہے تو نیب زدہ عمران خان بھی استعفی دیں، بجٹ دے کر حکومت غائب ہے، بجٹ منظوری میں تاخیر سے اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، نیب قوانین میں تبدیلی کے لئے حکومت کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔