اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت کے 3 بڑے سیکٹرز کو پانی فراہم کرنے والے ٹیوب ویلز کو بجلی فراہم کرنے والی ایکسپریس کیبل کٹ گئی جس سے پانی بحران پیدا ہوگیا ہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10، جی 10 اور آئی 9 کے 15 سے زائد ٹیوب ویلز کو بجلی فراہم کرنے والی ایکسپریس کیبل کٹ جانے سے ان علاقوں میں پانی کا شدید بحران ہو گیا ہے۔ میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے معاملے کا ذمہ دار آئیسکو کو ٹھہرایا ہے اور موقف اپنایا ہے کہ 7 سال سے زائد عرصہ سے ٹیوب ویلز کی کیبلز تبدیلی کا مطالبہ کر رہے ہیں، نومبر 2011 میں 29 لاکھ روپے سے زائد ڈیمانڈ نوٹس کی مد میں ادا کیے لیکن تاحال کیبل تبدیل نہیں کی گئی۔
ایکسپریس فیڈر ٹرپ ہونے سےعوام کو پانی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے، بجلی تعطل سے فلٹریشن پلانٹ کے پانی سے بھی عوام محروم ہو جاتے ہیں۔ میٹروپولیٹین کارپوریشن کے مطابق سیکٹر آئی 10 میں پانی کی یومیہ طلب 4 ملین گیلن اور آئی 9 میں 3 ملین گیلن ہے، لیکن دونوں سیکٹرز کے ٹیوب ویلز سے بالترتیب 0.8 ملین گیلن اور 0.7 ملین گیلن فراہم کیا جاتا ہے۔