لاہور: (دنیا نیوز) طلال چودھری نے کہا ہے کہ حکومت کو موقع دینے کیلئے ملک کا نقصان نہیں کر سکتے، عید کے بعد اپوزیشن کوئی فیصلہ کرے گی، سوچنا ہوگا کہ لاڈلہ رہے گا یا ملک کو چلانا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما طلال چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جب سے تحریک انصاف کی حکومت آئی جی ڈی پی اور سٹاک ایکسچینج کریش کر گئی ہے، جب الیکٹڈ کو جیل میں رکھیں گے اور سلیکٹڈ کو لائیں گے تو اسی طرح کی تبدیلی آئے گی، اگر کسی سے لاڈلے کو لانے کی غلطی ہوگئی ہے تو اس غلطی کو سدھارنا ہوگا۔
طلال چودھری کا کہنا تھا کیا حکومت کو موقع دیتے دیتے پاکستان کو گرا لیں ؟ کل نیب نے ایک ایک درجن اپوزیشن اراکین کیخلاف ریفرنس دائر کیے، ہم نے کبھی موجودہ حکومت جیسے دعوے نہیں کیے بلکہ حقیقت پر مبنی بات کی۔