لاہور: (دنیا نیوز) موٹروے پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی نان کسٹم پیڈ موبائل فون لاہور سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 873 مہنگے فون برآمد کر لئے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر موٹر وے پر چکری انٹرچینج کے قریب کارروائی کی گئی اور پشاور سے آنے والی کار کو روکا گیا۔
تلاشی کے دوران کار سے مختلف برانڈ کے 873 مہنگے موبائل فون برآمد ہوئے جو کسٹم ڈیوٹی ادا کئے گئے بغیر لائے گئے۔ موبائل فونز پشاور سے لاہور سمگل کئے جارہے تھے جن کی مالیت دس لاکھ روپے سے زائد ہے۔
موٹروے پولیس نے کار کے ڈرائیور ملزم عابد علی کو گرفتار کرلیا جسے برآمد کئے گئے موبائل فونز اور گاڑی کے ہمراہ قانونی کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔