کراچی: عوامی کالونی ماڈل پارک سے ملنے والی خاتون کی لاش کا معمہ حل

Last Updated On 15 May,2019 12:40 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے عوامی کالونی ماڈل پارک سے گزشتہ روز ملنے والی خاتون کی لاش کا معمہ حل ہو گیا۔ مقتولہ کے قتل میں ملوث اسی کا شوہر نکلا جسے پولیس نے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ دوسری جانب مختلف ٹریفک حادثات کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔

کراچی کے علاقے عوامی کالونی ماڈل پارک سے گزشتہ روز خاتون کی لاش ملی تھی، پولیس نے قتل میں مبینہ طور پر ملوث شوہر کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ ملزم ندیم شہر چھوڑ کر فرار ہو رہا تھا جسے فرار ہوتے ہوئے قائد آباد ریلوے سٹیشن سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی کورنگی کے مطابق ملزم نے اپنی بیوی کو پارک میں پھندا لگا کر قتل کیا تھا جس کی وجہ بدچلنی کا شبہ بتایا گیا ہے۔

دوسری جانب پپری سندھی گوٹھ میں آپسی جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان زخمی ہوگیا۔ زخمی راہگیر کی شناخت خالد حسین کے نام سے ہوئی، نوجوان کو طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ادھر عوامی کالونی میں نابینہ سکول کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے نتیجے میں 29 سالہ عبدالحق زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔