پشاور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے نے شانگلہ الپوری روڈ میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات مکمل کر لی، لیگی رہنما امیر مقام کے بیٹے اشتیاق گرفتار، این ایچ اے کے اعلیٰ افسران کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی سفارش کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بدعنوانیوں کے خلاف ایف آئی اے اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا کی بڑی کارروائی سامنے آئی ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام کے بیٹے اشتیاق کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے امیر مقام اینڈ کمپنی بلیک لسٹ کرنے کی سفارش کر دی ہے۔
امیر مقام اینڈ کمپنی نے این 90 شانگلہ الپوری روڈ کی 35 کلومیٹر سڑک کا منصوبہ ایک سال کے دوران 850 ملین میں مکمل کرنا تھا، جس کی لاگت تو 2800 ملین تک پہنچ گئی لیکن تاحال روڈ مکمل نہیں کیا جا سکا ہے۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن وینگ خیبر پختونخوا نے صرف چار ماہ کی مدت میں امیر مقام اینڈ کمپنی اور این ایچ اے کے گیارہ اعلیٰ افسران کے خلاف انکوائری مکمل کرکے امیر مقام کے بیٹے اشتیاق سمیت پانچ ٹھیکیداروں کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے انکوائری میں این ایچ اے کے اعلیٰ افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کرنے اور امیر مقام اینڈ کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے سمیت کمپنی سے 626 ملین ریکور کرنے کی تجویز بھی گئی ہے۔