اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو کی جانب سے زیر گردش خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نیب کی ہر کارروائی بلا امتیاز، آئین اور قانون کے مطابق ہے۔
نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اخباری آرٹیکلز میں بعض افراد اور مقدمات کے حوالے سے پیش کردہ حقائق غلط ہیں، ریکارڈ کو باہر لے جانے پر مکمل پابندی عائد ہے، گمشدگی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
قومی احتساب بیورو کے بیان میں اخبار میں شائع ایک آرٹیکل کی سختی سے تردید کی گئی ہے کہ حقائق کو درست انداز میں پیش نہیں کیا گیا کیونکہ ہر تیار کردہ ریفرنس کو آئین اور قانون کے مطابق بلا تخصیص معزز عدالت کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔
بیان میں واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نیب کے متعلقہ ریکارڈ کی گمشدگی کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ ریکارڈ باہر لے جانے پر مکمل پابندی ہے۔
نیب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ادارے کی کارروائی قانون کے مطابق ہوتی ہے، اس میں سیاست اور کسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ نیب سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔