اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی اکاونٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے تین انکوائریز میں بیان قلمبند کروا دیا۔ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے ہریش کمپنی، مشکوک ٹرانزیکشن اور اوپل 225 منصوبے کی انکوائریز میں آصف زرداری کابیان ریکارڈ کیا۔
نیب کی کمائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم نے ڈیڑھ گھنٹے تک آصف زرداری سے پوچھ گچھ کی اور ہریش کمپنی، مشکوک ٹرانزیکشن اور اوپل 225 منصوبے کی انکوائریز میں بیان ریکارڈ کیا۔ آصف زرداری سے ہریش کمپنی کے ذریعے بھٹو ہاؤس نوڈیرو کے مالی معملات چلانے سے متعلق پر بھی سوالات کیے گئے۔
سابق صدر پر زرداری گروپ کے ذریعے 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز جبکہ اوپل 225 منصوبے میں 1 ارب روپے رشوت لینے کا الزام ہے۔ وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کا کسی کمپنی اور لین دین سے کوئی تعلق نہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق آصف زرداری کو جعلی اکاونٹس کیس کی مزید دو انکوائریز میں جلد طلب کیا جائے گا۔