نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس: سراج درانی کیخلاف ریفرنس دائر کرنیکی منظوری

Last Updated On 15 May,2019 08:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب ایگزیکٹیو بورڈ نے کرپشن کی 12 شکایات پر انکوائریوں اور 3 ریفرنسز فائل کرنے کی منظوری دے دی۔ سابق وفاقی وزیر حافظ عبدالکریم کیخلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دی گئی۔

نیب اعلامیے کے مطابق سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی کیخلاف انکوائری، سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور سینیٹر روبینہ خالد کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ سراج درانی پر قومی خزانے کو ایک ارب 60 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب احتساب سب کے لئے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اور عوام کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جس کا خاتمہ نیب سمیت تمام پاکستانیوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا نیب بدعنوان عناصر، اشتہاری اور مفرور ملزمان کے مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے لا رہا ہے، نیب افسران ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کو اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے۔