اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکا نے غیر قانونی تارکین وطن واپس نہ لینے پر 3 اعلیٰ پاکستانی افسروں پر ویزہ پابندی عائد کر دی، جوائنٹ و ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ، ڈی جی پاسپورٹ کے امریکی ویزے پر پابندی لگائی گئی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا 70 سے زائد غیر قانونی مقیم پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنا چاہتا ہے، پاکستان نے امریکا سے قانونی تقاضے پورے کرنے کا کہا ہے، امریکا نے پاکستان پر ویزہ پابندیاں نہیں لگائیں، پاکستان میں امریکی قونصلر آپریشن بدستور جاری ہے۔
پاک ایراین گیس پائن لائن منصوبے پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس پائن منصوبے کو آگے لے جانا چاہتے ہیں، مسئلہ تیسرے فریق کی جانب سے پابندیوں کا ہے، معاملہ ایران کے ساتھ اٹھا رہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا روس پر پابندیاں ہیں، امریکا نے چین پر بھی ٹیرف میں اضافہ کر دیا، امریکا اور چین کے درمیان تجارت متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں کچھ قیدی منشیات اور سنگین مقدمات میں ملوث ہیں، منشیات، سنگین مقدمات کے قیدیوں سے متعلق رعایت طلب نہیں کی، معمولی جرائم، جرمانہ ادا نہ کرنے پر قید پاکستانیوں کی بات کی گئی۔
انہوں نے کہا ولی عہد نے 2107 پاکستانی قیدیوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کی، تصدیق کا عمل جاری ہے جلد قیدیوں کی رہائی عمل میں آئے گی، لیبر کلاس بیرون ملک سے پیسہ پاکستان بھجوا رہی ہے، بڑی کلاس تو پیسہ پاکستان سے باہر لے کر جاتی ہے۔
مودی کے بیان پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دلچسپ ردعمل دیتے ہوئے کہا فرض کریں ہمارے ریڈار کام نہیں کر رہے تھے تو 2 بھارتی جہاز گرا دیئے، مودی سے سوال ہے ریڈار کام کر رہے ہوتے تو بھارت کیساتھ کیا ہوتا ؟۔
جعلی شادی سکینڈل پر شاہ محمود قریشی نے کہا پاک چین تعلقات خراب کرنے کی مہم ہے، شادیوں، انسانی سمگلنگ پر حقائق سے ہٹ کر بات کی جا رہی ہے، معاملے پر چینی سفیر کے ساتھ دفتر خارجہ میں تفصیلی بات ہوئی ہے۔