اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا ) جمعیت علما ئے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے جبکہ حکومت کی جانب سے سکیورٹی واپس لیے جانے پر جے یو آئی کے اراکین پارلیمنٹ اور کارکنوں نے اسلحہ سمیت ایئرپورٹ پر مولانا کا استقبال کیا جنہیں سخت سکیورٹی حصار میں ایئرپورٹ سے باہر لایا گیا۔
مولانا فضل الرحمن عمرہ کی ادائیگی کے بعد گزشتہ روز واپس پہنچے، اسلحہ اٹھانے والوں میں مولانا عبدالغفور حیدری، جمال الدین اور دیگر سینئر ممبران شامل تھے۔ کارکنان کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹرینز بھی ایئر پورٹ پر موجود تھے جن کا کہنا تھا کہ سکیورٹی واپس لینے کی شدید مذمت کرتے ہیں، قائد کے محافظ ہیں۔
استقبال کے موقع پر جے یو آئی ف کے اراکین اسمبلی نے مولانا کی حفاظت کے لیے اسلحہ اٹھا لیا۔ اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماؤں کی بندوقوں کے ساتھ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہیں۔