لاہور: (دنیا نیوز) اثاثہ جات کیس میں نیب نے علیم خان کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی، یو اے ای اور برطانیہ سے جواب نہ آیا تو ضمنی ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ضمنی ریفرنس میں علیم خان پر 80 کروڑ کے غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام عائد کیا جائے گا، بیرون ملک سے آف شور کمپنیوں کا ریکارڈ آنے کے بعد علیم خان کے خلاف مکمل حتمی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔
نیب نے علیم خان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات اور یو کے کی حکومتوں کو خطوط لکھے تھے، خطوط میں علیم خان کی آف شور کمپنیوں کا ریکارڈ طلب کیا تھا، متعدد بار خطوط لکھنے کے باجود نیب کو کوئی جواب موصول نہیں ہوا، اسی بنا پر علیم خان کے خلاف ریفرنس التوا کا شکار ہے۔