کراچی: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہی سربراہی میں ملک معاشی بحران سے نکلے گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ملک کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے نہیں بلکہ زرداری اور نواز گینگ سے خطرہ ہے۔ دو، دو ارب ان کے فالودے والے کے اکاؤنٹ سے نکل رہے ہیں۔ ملک سے بھاگنے کے لیے کہتے ہیں کہ رقم دے دیں گے اور بھاگ کر کہتے ہیں نہیں دیں گے۔
انہوں نے اپوزیشن کی افطار پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں بے ایمانیوں کی وجہ سے اکٹھی ہو رہی ہیں۔ پہلے ہی کہہ دیا تھا شہباز شریف این آر او مانگ رہا ہے۔ اب آصف زرداری بھی یہی فارمولا مانگ رہا ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان جب حکومت میں آئے تو انھیں پتا چلا کہ چوروں نے جھاڑو پھیرا ہوا ہے، اب ان کی سربراہی میں ہی ملک معاشی بحران سے نکلے گا۔ تاہم انہوں نے اس شک کا اظہار بھی کیا کہ شاید ایک دو ماہ عمران خان کا امتحان سے گزریں۔