لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے کوئین میری روڈ پر ون ویلرز کے درمیان جھگڑا ہو گیا جس کے بعد فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔
ایک طرف تو شہر میں سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے جا رہے جبکہ دوسری جانب نوجوان شہر میں اسلحہ لے کر گھومنے لگے، قلعہ گجر سنگھ کے علاقہ میں ون ویلرز دوستوں میں مبینہ طور پر ریس کے دوران جھگڑا ہو گیا جس میں ایک گروپ نے دوسرے پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے 20 سالہ اسامہ نزیر موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ احسن زخمی ہو گیا، مقتول کے والد نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے اپیل کر دی۔ سروسز ہسپتال میں زیر علاج زخمی احسن کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ملزمان ون ویلنگ کے دوران ہوائی فایرنگ کرتے رہے، ملزمان نے اسامہ اور دوستوں پر ریس کے دوران فائرنگ کی۔
پولیس نے واقعہ میں ملوث ملزم ارقم کے چچا اور بھائی کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی جبکہ مرکزی ملزم تاحال فرار ہیں۔ یوم علیؓ سے ایک دن قبل سرعام قتل کی واردات پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔