لاہور: (دنیا نیوز) حضرت علیؓ کے یوم شہادت پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، کراچی میں خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا، لاہور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر آج اور کل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور موبائل فون سروس کل صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک جزوی بند رکھی جائے گی۔ ملتان میں بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔
کل حضرت علیؓ کے یوم شہادت پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، کراچی میں حضرت علیؓ کے یوم شہادت پر خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا۔ جلوس کی گزرگاہوں پر کنٹینرز بھی رکھ دیئے گئے۔
شہر کی اہم عمارتوں پر سنائیپرز تعینات کئے جائیں گے، جلوس کی فضائی نگرانی اور سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ پنجاب حکومت نے حضرت علیؓ کے یوم شہادت پر لاہور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر دو روز کے لیے پابندی عائد کر دی جس کا اطلاق آج 26 اور کل 27 مئی کو رات بارہ بجے تک ہوگا جبکہ موبائل سروس جزوی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کل 27 مئی کو صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک معطل رہے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی اے سے فون سروس بندش کی درخواست کی ہے۔
شہر میں برآمد ہونے والے جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ ملتان میں یوم علیؓ کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں ماتمی جلوسوں کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں 2 ہزارپولیس اہلکار اور ایک ہزار رضاکار ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی جلوسوں کو مانیٹر کیا جائے گا۔