لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔ آئی جی نے 21 رمضان کو یوم حضرت علیؓ کی سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں،
اس موقع پر کیپٹن (ر) عارف نواز خان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایاجائے۔ حساس اضلاع اور اے کیٹیگری کے مرکزی جلوسوں کو ہر صورت 4 لیئر سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ آر پی اوز، ڈی پی اوز خود فیلڈ میں جا کر حساس عبادت گاہوں اور جلوسوں کی سیکیورٹی ڈیوٹی چیک کریں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ جلوسوں کے راستوں میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز کو تعینات کیا جائے، رمضان کے آخری عشرے میں مارکیٹوں، بینکوں اور شاپنگ سنٹرز کی سیکیورٹی کو مزید سخت کیا جائے۔
کیپٹن (ر) عارف نواز خان کا کہنا تھا کہ بچوں کی گمشدگی اور زیادتی کے واقعات پر ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے تاخیر کی صورت میں محکمانہ اور سخت کارروائی کریں گے۔