لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے وزیر اطلاعات سید صمصام بخاری نے کہا ہے کہ شہبازشریف اپنے اثاثوں میں ایک ہزار فیصد اضافے کا جواب دیں، نواز لیگ کے سربراہ لندن میں میڈیا کے سامنے جگ ہنسائی کا باعث بنے۔
پنجاب کے وزیر اطلاعات سید صمصام بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف کو سیاسی مقاصد کیلئے رمضان کا تقدس پامال کرنا مہنگا پڑا، نواز لیگ انتشار کا شکار ہو چکی، ابھی مزید تضادات سامنے آئیں گی۔ انھوں نے کہا کہ تمام "کاروائیوں" کا مقصد عدالت سے راہ فرار اختیار کرنا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ نواز لیگ مختلف بیانات دے کر "گڈ کاؤ اور بیڈ کاؤ" کھیل رہی ہے، "مدعی سست اور گواہ چست" کے مصداق پھرتیاں دکھائی جا رہی ہیں، شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے والے سبکی اٹھا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ نواز لیگ کے دونوں بڑے دھڑے کھل کر سامنے آ گئے ہیں، اقتدار اور مال بچانے کے علاوہ شریف برادران کا کوئی مقصد نہیں۔ اپوزیشن عوام کیلئے نہیں لوٹ مار بچانے کیلئے سڑکوں پر آنا چاہتی ہے۔
وزیرااطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کرپشن کیلئے "زیرو ٹالرنس" پالیسی جاری رہے گی۔ ملکی معیشت میں مثبت اشارے ملنے شروع ہو گئے ہیں، نئی معاشی ٹیم بڑی کامیابیاں حاصل کرے گی، گزشتہ 10 برسوں میں جعلی اکانومی کھڑی کی گئی۔