لاہور: (دنیا نیوز) عید اپنوں کے سنگ منانے کیلئے پردیسیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے، لاہور، کراچی، فیصل آباد سمیت بڑے شہروں میں لاری اڈوں پر رش ہے، کرایوں میں بھی من مانا اضافہ کر دیا گیا۔
کسی کو ٹکٹ کے حصول میں مشکل کا سامنا تو کوئی اوور چارجنگ کی پریشانی سے دوچار ہے، بچے بڑے بزرگ سب اپنے علاقوں میں واپسی کے لئے انتظار گاہوں میں میں ٹرانسپورٹرز کی منت سماجت پر مجبور ہیں۔
ٹکٹ کی پیشگی یقین دہانی کے باوجود بھی مسافروں کو انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ حکومت پنجاب کی ٹیمیں بس ٹرمینلز پر متحرک تو ہہیں مگر ٹرانسپورٹرز بھی اپنا کام دکھا رہے ہیں۔
ادھر وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی میں روزگار کے مقیم افراد کی اکثریت ہفتہ اور اتوار کو اپنے اپنے علاقوں کو روانہ ہو چکی ہے، کیونکہ وفاقی دارالحکومت میں ہفتہ اتوار کے ساتھ پیر کی رخصت لے کر سرکاری ملازمین نے لمبی چھٹی پر چلے گئے ہیں۔ پیرودھائی، کراچی کمپنی اور فیض آباد کے بڑے بس اڈوں پر گاڑیاں موجود ہیں تاہم مسافروں کی تعداد انتہائی کم ہے۔