اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرانے اور بجٹ کے معاملے پر غور کیا گیا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کو آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا معاملہ سپیکر قومی اسمبلی کے ساتھ اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ رکن قومی اسمبلی کا اجلاس میں شرکت کرنا آئینی حق ہے۔ سپیکر سے معاملہ اٹھا کر رولز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی درخواست کی جائے۔
بلاول بھٹو کی ہدایت کے بعد پارٹی رہنماؤں نے سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کا وفد راجا پرویز اشرف کی قیادت میں سپیکر سے ملاقات کرے گا۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کا وفد سپیکر قومی اسمبلی کو آصف علی زرداری، محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست کرے گا۔