اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایمنسٹی سکیم پر عملدرآمد تیز کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔ 40 ہزار روپے کے بے نامی بانڈز غیر فعال کئے جانے کی تیاری ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان نے منی لانڈرنگ کے خلاف ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے 40 ہزار روپے کے انعامی بانڈز کی شکل میں کالا دھن چھپانے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے بانڈز کی ملکیت ظاہر کرنا لازمی قرار دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس حوالے سے سٹیٹ بینک جلد سرکلر جاری کرے گا۔
ذرائع کے مطابق چالیس ہزار روپے مالیت کے انعامی بانڈز کی رجسٹریشن کے متعلق سٹیٹ بینک دو روز کے اندر قواعد کا اعلان کرے گا۔ 30 ستمبر کے بعد بے نامی بانڈز ردی بن جائیں گے۔
سٹیٹ بینک ذرائع کے مطابق 40 ہزار روپے والے جو بانڈز اب تک جاری کئے جا چکے ہیں، ان کی کل مالیت 260 ارب روپے ہے۔
سٹیٹ بینک 17 جون تک ایف بی آر کو 40 لاکھ نان فائلرز کا ڈیٹا فراہم کرے گا جن کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کیلئے اب تک 5 ہزار افراد نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔