اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے بچت دعوؤں کی دھجیاں اڑا دیں، پنجاب میں وزیراعلیٰ و گورنر پنجاب گھر، آفس، سیکرٹریٹ سمیت دیگر محکموں کے اخراجات میں اضافہ ہوا۔
پنجاب حکومت کی بجٹ دستاویزات میں حیران کن انکشافات سامنے آئے۔ وزیراعلی ٰ پنجاب عثمان بزدار کے دفتر، ہاؤس کے بھی ریکارڈ اخراجات کئے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دفتر، گھر پر 60 کروڑ کے بجائے 78 کروڑ 80 لاکھ خرچ کر ڈالے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے ہیلی کاپٹر پر اضافی اخراجات 14 کروڑ 90 لاکھ 37 ہزار روپے کر دئیے گئے۔ ائیر ٹرانسپورٹ کی مرمت کی مد میں 2 کروڑ 21 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ وی آئی پی فلائٹ کی دیکھ بھال اور آپریشن سیل پر کروڑوں روپے اضافی خرچ ہوئے ہیں۔
گورنر ہائوس، سیکرٹریٹ نے 9 کروڑ 74 لاکھ روپے اضافی خرچ کر ڈالے، آئندہ مالی سال کے لئے گورنر ہاؤس اور گورنر سیکرٹریٹ کا بجٹ 46 کروڑ سے بڑھا کر 49 کروڑ 31 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز دیدی گئی۔
صوبائی وزراء کی رہائشگاہوں کی تزئین و آرائش پر بھی لاکھوں پرخرچ کر ڈالے، باتھ رومز، صحن اور گیٹ کی تزئین و آرائش پر بھی لاکھوں خرچ ہوئے، آئندہ بھی وزراء، افسران کی رہائشگاہوں پر 5 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کر دئیے گئے۔
حکومتی کیسز کا دفاع کرنے کے لئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس نے بھی اضافی فنڈز خرچ کئے۔ مختص اخراجات سے ہٹ کر ایک کروڑ 9 لاکھ 29 ہزار روپے اضافی خرچ کئے گئے ہیں۔
آئندہ مالی سال کے لئے وزیراعلیٰ کی رہائشگاہ، آفس اور 90 شارہ کی سیکیورٹی کے لئے 2 کروڑ روپے مختص کرنے کی بھی تجویز دیدی گئی ہے۔