اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پارٹی عہدے کیخلاف تحریک انصاف کے رہنماؤں کی درخواست پر مریم نواز اور ن لیگ سے جواب طلب کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مریم نواز کو ن لیگ کی پارٹی نائب صدارت سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت کی۔ ن لیگ کی جانب سے جہانگیر جدون، مریم نواز کے وکیل بیرسڑ ظفر اللہ جبکہ تحریک انصاف کی طرف سے وکیل حسن مان پیش ہوئے۔ چیف الیکش کمشنر نے استفسار کیا کہ درخواست پر ن لیگ اور مریم نواز کے جوابات کیوں جمع نہیں کرائے گئے۔ ن لیگ کے وکیل جہانگیر جدون نے کہا کہ انھیں ابھی تک پٹیشن کی کاپی نہیں دی گئی، کاپی ملنے کے بعد ہی جواب جمع کرائیں گے۔
ن لیگ کے وکیل نے مریم نواز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن اور تحریک انصاف کے وکیل کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات کی کاپی فراہم کرنے کی بھی استدعا کی۔ اس پر تحریک انصاف کے وکیل نے اعتراض کیا اور کہا کہ مریم نواز کی تقرری ن لیگ نے خود کی اور اب کاپی ہم سے مانگ رہے ہیں۔ ن لیگ کے وکیل نے کہا کہ جس نے بھی تقرری چیلنج کی ہے اس کے پاس اس کا نوٹیفکیشن بھی ہونا چاہئے۔
الیکشن کمیشن نے ن لیگ اور مریم نواز کے وکلاء کو پٹیشن کی کاپی اور ریکارڈ فراہم کرتے ہوئے 25 جون تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔