اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹانا اے پی سی کا ایجنڈا نہیں، اگر اے پی سی میں چیئرمین سینیٹ کے جانے کا فیصلہ کرے گی تو جانا ہوگا۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے حکومت کو عوام دوست بجٹ کا موقع دیا، یہ بجٹ عوام دوست نہیں بلکہ عوام دشمن ہے، بجٹ میں تاریخ کے سب سے زیادہ ٹیکسز لگائے گئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نندی پور کیس کا فیصلہ آیا ہے، اس میں بابر اعوان کو ریلیف جبکہ باقی کسی کو نہیں ملا، انصاف سب کے ساتھ ہونا چاہیے۔ یہ حکومت کی طرف سے واضح پیغام ہے یا تحریک انصاف جوائن کرو یا پھر جیل جاؤ۔
انہوں نے بتایا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر غور کیا جائے گا، عوام کو اچھی خبر ملے گی۔