اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر افغان صدر دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے اشرف غنی کا استقبال کیا، افغان وزرا، مشیران، سینئر عہدیداران اور کاروباری شخصیات سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہمراہ ہیں۔
افغان صدر اپنے دورہ کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات جبکہ وزیراعظم عمران خان سے وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کریں گے۔ طرفین کے درمیان وسیع تر گفت و شنید میں سیاسی، تجارتی، معاشی، سکیورٹی، امن و مفاہمت، تعلیم اور عوامی سطح پر تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو تقویت دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی، افغان صدر عسکری حکام سے بھی ملاقات کرینگے۔
صدر اشرف غنی لاہور کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ بزنس فورم میں شریک ہوں گے جس میں دونوں ممالک کے کاروباری نمائندے موجود ہونگے۔ یہ افغان صدر کا پاکستان کا تیسرا دورہ ہو گا جو حال ہی میں امن و استحکام کیلئے افغانستان پاکستان ایکشن پلان کے پہلے جائزہ اجلاس کے بعد کیا جا رہا ہے۔ حالیہ ہفتوں میں دیگر اہم دو طرفہ تبادلوں میں صدر اشرف غنی اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ٹیلیفون پر بات چیت، مکہ میں او آئی سی
سربراہ اجلاس کے موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات اور افغان قومی سلامتی مشیر اور پاکستان کیلئے وزیر برائے مہاجرین کے دورے شامل ہیں۔