افغان صدر اشرف غنی کی لاہورآمد، بادشاہی مسجد میں‌ نماز ظہر ادا کی

Last Updated On 28 June,2019 03:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) افغانستان کے صدر اشرف غنی لاہور پہنچ گئے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایئر پورٹ پر استقبال کیا۔ مہمان صدر نے بعد ازاں گورنر پنجاب چودھری سرور سے ملاقات کی اور ان کے ہمراہ بادشاہی مسجد کا دورہ کیا جہاں‌ نماز ظہر ادا کی.

 سرکاری اعلامیے کے مطابق افغان صدر لاہور ائیرپورٹ پہنچے تو وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے افغانستان صدر اشرف غنی کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی کا کہنا تھا کہ افغان صدر کی آمد دونوں ممالک کے تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہے۔ ان کی آمد اہل پنجاب کیلئے اعزاز اور حالیہ دورے سے پاک افغان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ 

افغان صدر کی آمد پر چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔ ائیر پورٹ سے مہمان صدر کو گورنر ہاوس لے جایا گیا جہاں گورنر محمد سرور نے انھیں خوش آمدید کہا۔ دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات میں باہمی تعلقات سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔ افغان صدر نے بعد ازاں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی، انھوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ علامہ اقبال کے مزار سے ملحقہ تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ بھی کیا اور نماز ظہر ادا کی۔ اس دوران گورنر پنجاب معزز مہمان کے ہمراہ رہے۔ مہمان صدر کے شیڈول میں پاکستان بزنس فورم سے خطاب بھی شامل ہے۔