اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مراد سعید نے انکوائری کمیشن کو سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کے خلاف پہلا کیس بھجوا دیا۔ کیس سے متعلق دستاویزی ثبوت انکوائری کمیشن کو موصول ہوگئے۔
قرضوں کی تحقیقات کرنے والے انکوائری کمیشن کو پہلا کیس ارسال کر دیا گیا، احسن اقبال کیخلاف کیس وفاقی مواصلات وزیر مراد سعید نے بھیجا۔ دستاویزی ثبوت کے مطابق احسن اقبال نے خزانے کو 50 سے 70 ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔ ذرائع کے مطابق انکوائری کمیشن نے دستاویز کا جائزہ لینا شروع کر دیا، ضرورت پڑنے پر انکوائری کمیشن احسن اقبال کو طلب کرسکے گا۔
قبل ازیں مسلم لیگ ن کے سابق وزیر احسن اقبال نے نیب کے سامنے پہلی حاضری دی۔ نیب راولپنڈی نے ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد سوالنامہ احسن قبال کو تھما دیا۔ نیب کے مطابق احسن اقبال نے نارووال میں اپنے حلقے میں خلاف قانون تین ارب روپے کا سپورٹس سٹی منصوبہ شروع کیا، پاکستان سپورٹس بورڈ نے بھی سپورٹس سٹی کی تعمیر میں اختیارات سے تجاوز کیا اور قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا۔
بھارتی سرحد کے قریب چھوٹے شہر میں اربوں روپے کے میگا پراجیکٹ کی تعمیر پر بھی سوال اٹھایا گیا ہے۔