چشتیاں: (دنیا نیوز) چشتیاں میں شعلی غربی پانڈ ایریا میں قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن میں لیگی ایم این اے احسان الحق باجوہ سمیت 17 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایم این اے احسان باجوہ اور دیگر 17 افراد نے عرصہ دراز سے محمکہ انہار، محمکہ مال کی ملی بھگت سے سرکاری ارضی پر قبضہ کیا ہوا تھا۔ گزشتہ دنوں ڈپٹی کمشنر کے حکم پر انتظامیہ نے قبضہ واگزار کروا لیا تھا۔ متعلقہ معاملے کی انکوائری اینٹی کرپشن میں چل رہی تھی۔
ملزمان محکمہ انہار کے افسران سے ملکر چودہ سو ایکٹر پر قابض تھے، ملزمان عرصہ دراز سے سرکاری رقبے پر کاشتکاری بھی کرتے رہے، لیگی ایم این اے احسان الحق باجوہ سمیت 17 افراد نے سرکار کو کروڑوں کا چونا لگایا۔
ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم ایم این اے احسان باجوہ پہلے ہی ملک چھوڑ کر دبئی فرار ہوچکے ہیں، انتظامیہ نے واگزار شدہ چودہ سو ایکڑ رقبہ محکمہ انہار کے حوالے کر دیا۔ محمکہ اینٹی کرپشن کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔