اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ کو بدلنے کے معاملے پر سرگرم پاکستان پیپلز پارٹی قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے اپنے قائد آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کروانا بھول گئی۔ پی پی رہنما پروڈکشن آرڈر کے اجرا کے لیے درخواست جمع کرانے کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالتے رہے۔
اپوزیشن کی درخواست پر طلب کیا گیا قومی اسمبلی کا اجلاس منگل کو ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں شرکت کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈرز کی درخواست جمع کرانا بھول گئے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ درخواست جمع کرانا شازیہ مری کی ذمہ داری ہے، قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی چیف وہپ شازیہ مری ہیں۔ قادر پٹیل کا کہنا تھا کہ پروڈکشن آرڈرز کے لئے درخواست کا علم نہیں جبکہ نفیسہ شاہ نے کہا کہ پروڈکشن آرڈرز کے لئے درخواست جمع ہوئی ہوگی۔
تاہم قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے ان کو تاحال کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔