اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر آفس نے قائمہ کمیٹی آبی وسائل کے اجلاس میں شرکت کیلئے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر رکوا دیے ہیں۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق قائمہ کمیٹی آبی وسائل کا اجلاس 10 اور 11 جولائی کو طلب کیا گیا ہے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی یوسف تالپور نے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی سمری پر دستخط کئے تھے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ نے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی بجائے معاملہ وزارت قانون کو بجھوا دیا ہے اور متعلقہ افسران کو پروڈکشن آرڈر فوری جاری نہ کرنے کی ہدایات سپیکر آفس سے جاری ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: فریال تالپور کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
ذرائع کے مطابق آصف زرداری کے ساتھ ن لیگ کے رکن اسمبلی خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر کا معاملہ بھی موخر کر دیا گیا ہے۔ ذرائع پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کے لیے مذکورہ ارکان کی سیاسی سرگرمیوں کو جواز بنایا گیا ہے۔
پروڈکشن آرڈر سمری پر متعلقہ حکام نے تحریری نوٹ میں کہا ہے کہ مذکورہ ارکان پارلیمنٹ آ کر سیاست کرتے ہیں۔ ادھر چیئرمین قائمہ کمیٹی یوسف تالپور نے اس معاملے پر اسمبلی سیکرٹریٹ حکام سے احتجاج کیا اور موقف اختیار کیا کہ رولز کے مطابق پروڈکشن آرڈر جاری کرنے میں چیئرمین قائمہ کمیٹی بااختیار ہے۔