اپوزیشن کا یوم سیاہ بری طرح ناکام ہوا، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 25 July,2019 11:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرکے سیاسی بونوں کا قد اونچا نہیں ہوگا، اپوزیشن کا یوم سیاہ بری طرح ناکام ہوا.

25 جولائی کو اپوزیشن کے احتجاج پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اس دن اداروں کو بااختیار بنانے کے عمل کا آغاز ہوا اور ملک سے موروثی سیاست اور ظل سبحانی کی شہنشائیت کا خاتمہ ہوا۔ چوروں، جاگیرداروں اور لوٹ مار کرنے والوں کو اصلی جگہ پہنچا دیا، عوام کے سامنے ان کی سیاہ کاریوں کو لانا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو عوام نے ایسا لیڈر چنا جو نہ جھکنے والا ہے نہ بکنے والا، اس دن اداروں کو بااختیار اور آزاد بنانے اور ایک روشن صبح کا آغاز ہوا جس نے پاناما کے چوروں کو اصل جگہ پہنچایا، یہ خاندانی اور مورثی سیاست کے خاتمے اور ایک عظیم فتح کا دن ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو یوم سیاہ کی ناکامی کا ماتم کر رہے تھے، انھیں عوام کا نہیں بلکہ اپنے جعلی اکاؤنٹس کا درد ہے۔ ان کے درد کی علاج صرف یہ ہے کہ لوٹا ہوا پیسہ واپس کر دیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جیل میں ایلیٹ گروپ اور غریب کے لیے بھی الگ الگ قانون ہے۔ قیدی، قیدی ہوتا ہےم اسی طبقاتی تفریق کے خاتمے کے لیے تحریک انصاف اقتدار میں آئی ہے، جیل میں کوئی امامت کرانے نہیں سزا بھگتنے جاتا ہے، ہم ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔
 

Advertisement