سیہون شریف: (دنیا نیوز) معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن آئے سیہون شریف میں اپنا چہرہ دیکھے، وزیراعلی سندھ بھٹو خاندان کے علاوہ عوام کی بھی خدمت کریں۔ اپوزیشن نے سینیٹ میں اپنا دنگل شروع کر رکھا ہے۔
معاون خصوصی فردوس عاشق کا سیہون شریف میں لعل شہباز قلندر کےدربار پر حاضری کے بعد کہنا تھا کہ اپوزیشن سینیٹ کو قانون کی بجائے اپنی مرضی سے چلانا چاہتی ہے، سٹیج اداکاروں نے اس ملک کو اس نہج پر پہنچایا۔ عمران خان پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، ان کا دورہ امریکہ معاشی استحکام اور امن کی جانب اہم قدم ہے۔
فردوس عاشق نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ بھٹوخاندان کےعلاوہ عوام کی خدمت بھی کریں، ایک خاندان کےدرباری بن کرسندھ حکومت کے ساتھ ناانصافی نہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ اپوزیشن آئنے میں اپناچہرہ دیکھے۔
قبل ازیں معاون خصوصی سیہون شریف پہنچیں اور حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور دعا مانگی۔ اس موقع پر تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل بھی ان کے ہمراہ تھے۔