کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی نے بھارت کی طرف سے آرٹیکل 370 کے خاتمہ کی مذمت کرتے ہوئے مشترکہ قرارداد منظور کرلی۔
قرارداد میں کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سردار بابر موسیٰ خیل کی صدارت میں ہوا۔ قرارداد پر بحث کرتے ہوئے ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمہ کے خطے پر منفی اثرات مرتب ہونگے، معاملہ کو ڈپلومیسی کے ذریعے حل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کے لیے آواز بلند کی، بھارتی ظلم وبربریت کے باوجود کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد دبائی نہیں جا سکی۔
اراکین اسمبلی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 370 کو کشمیر اسمبلی کی مرضی کے بغیر ختم کرنا قابل مذمت ہے۔ عالمی برادری کا کشمیر کی صورتحال پر آنکھیں بند کرنا تشویش کا باعث ہے۔
اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیر سے متعلق قراردوں پر عملدرآمد یقینی بنائے اور کشمیریوں کی نسل کشی کا نوٹس لے۔
ایوان نے پر بلا اشتعال بھارتی فائرنگ، سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی اور شہریوں پر کلسٹر بم حملوں کی بھی مذمت کی۔