اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ کیساتھ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر سنگل پوائنٹ ایجنڈا ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کیساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے اپنے سعودی اور اماراتی ہم منصوبوں کی پاکستان آمد کے بارے میں بتایا اور کہا کہ دونوں معزز مہمان اکھٹے پاکستان کے دورے پر آئیں گے۔ وزیراعظم کے رابطوں کے بعد یہ اہم دورے ممکن ہوئے۔
ایک اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی اور یواے ای کے وزرائے خارجہ سے مشترکہ ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم اور آرمی چیف سے دونوں وزرائے خارجہ ملاقات کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر اس ملاقات کا سنگل پوائنٹ ایجنڈا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے سامنے چند گزارشات بھی رکھی جائیں گی۔ پاکستانی قوم کی توقعات برادر ملکوں کے سامنے رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ کے زیرصدارت کشمیر سیل کا پہلا اجلاس،وادی کی صورتحال پرغور
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور یو اے ای کی پاکستان سے کافی قربت ہے۔ اس اہم ملاقات میں عرب ممالک کو پاکستان اور کشمیریوں کا نقطہ نظر پیش کیا جائے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت کو ہر سطح پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ او آئی سی کے فورم پر پاکستان کو کامیابی ملی، اس نے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے وزیر خارجہ سے بھی مقبوضہ کشمیر پر بات ہوئی، وہاں کرفیو بنگلا دیش کیلئے بھی ناقابل قبول ہے۔ بنگلا دیش سے طے پایا ہے کہ رابطے برقرار رہیں گے۔
افغان امن عمل پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان امن معاہدے سے متعلق کافی پرامید ہیں۔ افغان اور چینی وزرائے خارجہ سے بھی مشترکہ ملاقات ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ افغان وزیر خارجہ سے مقبوضہ کشمیر اور دیگر معاملات پر بات ہوگی۔