اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پوری دنيا کو کشمير ميں بھارتی مظالم سےآگاہ کروں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ برطانوی اراکین پارلیمنٹ کو بھی کہوں گا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر آواز بلند کریں۔ عامر خان فاؤنڈيشن کشميريوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ باکسرعامر خان نے مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کی آواز دنیا بھر میں اٹھانے کا عزم کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بچوں، عورتوں، نوجوانوں اور بوڑھوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ لاک ڈاؤن کے باعث کشمیری عوام کو کھانے پینے کی اشیا تک دستیاب نہیں ہے۔
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے کہا کہ میں دنیا کو پیغام دیتا ہوں کہ کشمیر کی مدد کی جائے، پاکستان اور بھارت مل کر مسئلہ کشمیر حل کریں۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کیساتھ سیلیبریٹیز کو بھی مظلوم کشمیریوں کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرنی چاہیے۔