کراچی: (دنیا نیوز) میئر کراچی آج بھی پی پی رہنماؤں کے نشانے پر رہے۔ مشیر قانون مرتضیٰ وہاب اور سعید غنی نے کراچی کی صورتحال پر مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے ایم کیو ایم پاکستان کو تحریک انصاف کی بی ٹیم تو مرتضیٰ وہاب نے مئیر کراچی کو ناکام قرار دیدیا۔
ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی بیان بازیاں نہ رک سکیں۔ پی پی رہنما مرتضیٰ وہاب اور وزیر اطلاعات سعید غنی نے ایم کیو ایم پر تنقید کے تیر برسا دیئے۔
جامعہ کراچی میں منعقدہ تقریب میں سعید غنی نے سیوریج لائن اور گٹر سے بوریاں ملنے کو ایم کیو ایم کی سازش قرار دیا اور کہا کہ علی زیدی کی مہم سے کراچی اور گندہ ہو رہا ہے۔ ایم کیو ایم، پی ٹی آئی کی بی ٹیم ہے۔
ادھر مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب نے بھی جامعہ کراچی میں ماحولیاتی آگاہی اور پلاسٹک بیگز تقریب میں ایم کیو ایم پر نشتر چلائے۔
مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے جلد شہر میں شجرکاری مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔