سیاسی رہنماؤں کی جانب سے کشمیریوں کیساتھ بھرپور اظہار یکجہتی

Last Updated On 25 August,2019 06:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیاسی رہنماؤں کی جانب سے کشمیریوں کیساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین فخر امام کا کہنا ہے کہ کشمیری بھائیوں کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں کشمیریوں کی ہر ممکن سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے جبکہ امیر جماعت اسلامی نے خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا۔

کشمیر کمیٹی کے چیئرمین فخر امام کا کہنا ہے کہ کشمیر متنازع علاقہ ہے۔ دنیا نے بھی تسلیم کر لیا کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے۔ گولڑہ شریف میں کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کشمیریوں کی ہر ممکن حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نےعالمی برادی سے کشمیر کی صورتحال پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد جمہوریت کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔ بھارت نے جنت نظیر وادی کو کشمیری عوام کیلئے جہنم بنا دیا ہے۔ پیلٹ گنز کی گولیاں بھی کشمیری عوام کی آ زادی کی تحریک کو نہیں دبا سکتیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت بیانات سے آگے بڑھ کر کشمیریوں کی عملی مدد کرے۔ خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کا ساتھ دیں گے۔