کشمیرکے حالات چھپانے کی بھارتی کوشش،عالمی میڈیا نےپردہ چاک کردیا

Last Updated On 25 August,2019 09:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عالمی میڈیا نے مقبوضہ وادی کی صورتحال دکھا کر مودی سرکار کی نام نہاد جمہوریت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا۔ واشنگٹن پوسٹ، روسی خبر ایجنسی رپٹلی اور الجزیرہ نے وادی کے حالات کی منظرکشی کردی۔

واشنگٹن پوسٹ نے وادی کی صورتحال دنیا کے سامنے رکھتے ہوئے دکھایا کہ کس طرح مودی سرکار نے حقائق کو دنیا سے چھپایا۔ ویڈیو میں ایک جانب پولیس کا بیان دکھایا گیا کہ کشمیر میں کوئی گولی نہیں چلی تو دوسری جانب بی بی سی کی ویڈیو دکھائی گئی کہ کس طرح قابض فورسز نہتے کشمیریوں پر آنسو گیس کے شیلز اور گولیاں برسارہی ہے۔ مظلوم کشمیریوں کو اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے بھی دکھایا گیا۔

روسی خبر ایجنسی رپٹلی نے بھی مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی بربریت دنیا کے سامنے رکھ دی۔ کشمیری عوام نے پاکستانی پرچم لہرا کر آزادی کے حق میں نعرے لگا کر اپنے مستقبل کا فیصلہ سنا دیا۔

عرب ٹی وی الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں ہندو آباد کاری کا منصوبہ بنا چکا ہے جبکہ کشمیری اسے کسی صورت قبول
کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق کشمیری نوجوانوں اور بھارتی فورسز میں جھڑپیں بھی ہوئیں جس میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔