آرمی چیف سے چینی جنرل کی ملاقات،مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر گفتگو

Last Updated On 26 August,2019 08:56 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی جنرل نے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت اہم ایشوز پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین نے وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اہم ملاقات کی اور بعد ازاں وفد کے ہمراہ مذاکرات کیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ باہمی دفاعی تعاون بڑھانے اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ معزز مہمان نے یادگار شہدا پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر سمیت ہر اہم معاملے پر تعاون پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف اور چینی جنرل کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے جس میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں جبکہ پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ تعلقات میں مزید مضبوطی چاہتے ہیں۔
 

Advertisement