نئی دہلی: (دنیا نیوز) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں آزادی اظہار کو روکنا غیر قانونی ہے، بھارتی سرکار سیاسی رہنماؤں کو رہا کرے۔
انسانی حقوق کی مبصر تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آکر پٹیل نے کشمیر کے معاملے پر بھارت کے خلاف بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں وکشمیر میں لوگوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی گئی ہیں۔ کمیونی کیشن بلیک آؤٹ، غیر قانونی گرفتاریاں اور میڈیا پر پابندیوں کی وجہ سے انفارمیشن بلیک ہول پیدا کر دیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں آزادی اظہار کو روکنا غیر قانونی ہے۔
آکر پٹیل نے تسلیم کیا کہ ماضی میں بھی مقبوضہ کشمیر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں دیکھ چکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی سرکار کا مکمل کنٹرول سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ بھارت مقبوضہ جموں اور کشمیر میں سیاسی رہنماؤں کو رہا کرے۔