اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تکبر نے بڑے بڑے حکمرانوں کو تباہ کیا، اب انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے تکبر میں تاریخی غلطی کر دی ہے، وقت ثابت کرے گا کہ کشمیر آزاد ہوگا، مودی کی غلطی سے کشمیریوں کو آزاد ہونے کا تاریخی موقع مل گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا قوم سے خطاب میں کہنا تھا کہ میرے پاکستانیوں! میں آج صرف کشمیر کی صورتحال پر بات کرنا چاہتا ہوں۔ میں اپنی قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ کشمیر پالیسی کا فیصلہ کن وقت آ گیا ہے۔ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ اب تک کیا گیا اور آئندہ کیا کرنا ہے؟
انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش تھی کہ اپنے تمام ہمسایوں سے اچھے اور پرامن تعلقات رکھیں۔ اقتدار سنبھالا تو بھارتی حکمرانوں سے کہا کہ وہ تعلقات کی بحالی کیلئے ایک قدم بڑھائیں گے تو ہم دو قدم بڑھائیں گے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی طرح بھارت میں بھی بیروزگاری اور غربت کے مسائل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں سے وعدہ کرتا ہوں، ہر فورم پر ان کا کیس لڑوں گا: وزیراعظم
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لیکن بھارت سے جب بھی مذاکرات کی بات کی کوئی نہ کوئی الزام لگا دیا گیا۔ بی جے پی کی انتخابی مہم مسلمانوں اور پاکستان کے مخالف تھی۔ وہاں الیکشن کے بعد پلوامہ کا واقعہ رونما ہوا تو بھارت نے اس کی انویسٹی گیشن کرانے کے بجائے الزام پاکستان پر لگا دیا۔ بھارت سے کہا اگر کوئی ثبوت ہے تو ایکشن لینے کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاعات مل چکی تھی کہ بھارت نے پلوامہ جیسا حملہ کرنا ہے، ہم نے پوری دنیا کو تشویش سے آگاہ کر دیا تھا، سیکیورٹی کونسل میں 1665ء کے بعد کشمیر پر پہلی دفعہ اجلاس بلایا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی کوشش کی تب ہم نے سوچا ایسے ماحول میں بھارت سے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔ بھارت کی بھرپور کوشش تھی کہ پاکستان دیوالیہ ہو جائے۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے کشمیریوں کے ساتھ نہرو کے وعدوں کی بھی خلاف ورزی کی۔ بھارت نے پانچ اگست کو پیغام دیا کہ ہندوستان صرف ہندوؤں کا ہے۔ یہ آر ایس ایس کا نظریہ ہے، یہ نظریہ مسلمانوں کے مخالف تھا، اسی نظریے نے گاندھی کو قتل کیا۔ قائداعظمؒ آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی کو سمجھ گئے تھے۔ کانگریس جماعت کے سابق وزیر نے کہا کہ آر ایس ایس کے لوگ دہشتگرد ہیں،آج یہی وہ آئیڈیالوجی ہے جو بھارت پر حکمرانی کر رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے آخری پتا کھیل دیا، اب وہ کشمیر پر کچھ نہیں کر سکتے، اب جو کچھ کرینگے وہ ہم کرینگے، ہم آخری سانس تک کشمیریوں کا ساتھ دینگے۔
وزیراعظم نے ہر ہفتے کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تحریک وادی کشمیر کی آزادی تک چلے گی۔ دنیا کو بھارتی مظالم اور آر ایس ایس آئیڈیالوجی سے آگاہ کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کشمیر کیساتھ کھڑی ہونا ہو، پاکستانی ایک بن کر کشمیریوں کو پیغام دیں۔ اس جمعہ کو بارہ بجے سے لے کر ساڑھے بارہ بجے تک کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔ نیویارک اجلاس تک ہر ہفتے میں ایک بار احتجاج کیا جائے گا، 27 ستمبر کو یو این او کا اجلاس ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اب تک اقوام متحدہ طاقتور کیساتھ کھڑا رہا، میں اقوام متحدہ کو بتانا چاہتا ہوں کہ صرف کشمیری نہیں سوا ارب مسلمان آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اگر مسئلہ جنگ کی طرف چلا گیا تو یاد رکھیں دونوں ملک کے پاس ایٹمی ہتھیار ہے۔
انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایٹمی جنگ ہوگی تو پھر کوئی بھی نہیں جیتے گا۔ اگر جنگ ہوگئی تو تباہی کے اثرات پوری دنیا تک جائیں گے۔ دنیا کے سپر پاور ممالک کی آج بڑی ذمہ داری ہے۔ دنیا ہمارا ساتھ دے یا نہ دے، پاکستان اب ہر حد تک جائے گا، آخری سانس تک کشمیریوں کیساتھ ہیں۔