راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے ملاقات کی ہے۔ برادر ممالک کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر آئینی اقدام کے خلاف پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید بن سلطان نے ملاقات کب او میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزائے خارجہ نے سپہ سالار کو پاکستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برادر اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کو یو اے ای اور سعودی عرب کیساتھ اپنے خصوصی سٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے علاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستانی کوشش کو سراہا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر آئینی اقدام کے خلاف پاکستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔