اسلام آباد: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم وبربریت کیخلاف انڈیا کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھارتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کے ادارروں کی سچی رپورٹس بھی بھارتی بربریت کا منہ بولتا ثبوت بن چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ اور کشمیری قیادت خصوصاً حریت قیادت نظر بند یا قید ہے۔ عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کے ادارے بھارتی بربریت کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی دعوؤں کے برعکس کشمیریوں پر پیلٹ گن استعمال کی جا رہی ہے۔ بھارتی حکومت نے معلومات حاصل کرنے پر پابندیاں لگا رکھی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ حال ہی میں بھارتی فوج غلطی سے سرحد پار کرنے والے دو کشمیری کسانوں کو عسکریت پسند قرار دینے کی سرتوڑ کوشش کر رہی ہے اور جھوٹی کہانی گھڑی جا رہی ہے۔ بھارت جھوٹی کہانیاں گھڑنے کے بجائے کشمیریوں پر ظلم وتشدد بند کرے۔