اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشین ہم منصب سیف الدین عبداللہ سے ٹیلی فونک رابطے میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت گذشتہ پانچ ہفتوں سے مقبوضہ وادی میں بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے، عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی چشم کشا رپورٹس ایک نئے انسانی المیے کے رونما ہونے کی نشاندہی کر رہی ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو سے ندگی مکمل طور پرمفلوج ہوچکی ہے، او آئی سی سے لے کر یورپی پارلیمان تک پوری دنیا مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی بربریت پر سراپا احتجاج ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لاکھوں نہتے کشمیری مسلمان بھارتی جبر و استبداد سے نجات کے لیے عالمی برادری بالخصوص مسلم دنیا کی طرف نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ جس پر ملائیشیا کے وزیرخارجہ نے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین بھارتی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے روابط اور مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔