اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب اور امارتی وزرائے خارجہ کی وزیر اعظم سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ دونوں دوست ممالک کے وزرائے خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی جگہ کوئی دوسرا ملک نہیں لے سکتا، مضبوط برادارنہ تعلقات کبھی متاثر نہیں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اپنا رشتہ مزید مضبوط کرنے آئے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اس نوعیت کے ہیں کہ کوئی دوسرا ملک پاکستان کی جگہ نہیں لے سکتا، دونوں وزرائے خارجہ نے کشمیر کے مسلے پر کھل کر اپنا موقف پیش کیا۔ یو اے ای کے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات مقدم اور انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، کسی دوسرے ملک کی وجہ سے یہ کبھی متاثر نہیں ہوسکتے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت غیر آئینی اقدام کے خلاف قائل کرنے میں کامیاب رہے اور دونوں ممالک کی قیادت کو پیغامات بھی بھجوائے۔ وزیراعظم سے وزرائے خارجہ کی ملاقات 40 منٹ تک جاری رہی۔